مولانا عبدا لصبور کی بہترین تدریسی خدمات لائق صد تحسین اور اساتذہ کیلئے قابل تقلید ہیں

مانسہرہ(نامہ نگار ) مولانا عبدا لصبور کی بہترین تدریسی خدمات لائق صد تحسین اور اساتذہ کیلئے قابل تقلید ہیں۔ جنہوں نے فرائض کی کماحقہٗ ادائیگی ۔ کام سے لگن پابندی وقت اور بچوں میں اسلام اور پاکستان سے محبت کا جذبہ پیدا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سینکڑوں شاگرد ملک اور دین سے وابستگی کواپنا نظریاتی اعزاز سمجھتے ہیں ان خیالات کا اظہار محکمہ تعلیم مانسہرہ کے ایس ڈی ای او بابر بشیر خان ، ممتاز ماہر تعلیم محمد فاروق اعوان، قاضی حبیب الرحمن، مولانا کبیر احمد طاہر، ساجد سالار خان اور دیگر نے گورنمنٹ مڈل سکول جابہ ملک پور مانسہرہ کے معلم اسلامیات مولانا عبدا لصبور کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی اصلاح میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت سے ان کی صحیح سمت میں راہنمائی ملتی ہے۔ بابر بشیر خان نے کہا کہ اساتذہ معماران قوم ہیں۔ طلبہ کی صحیح تعلیم و تربیت ملک و قوم کی بہتر خدمت کا باعث بنتی ہے۔ محمد فاروق اعوان نے کہا کہ اساتذہ نسل در نسل علمی ورثہ منتقل کرکے اہم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ مولانا عبدا لصبور نے کہا کہ پیغمبرانہ پیشہ معلمی سے وابستگی کی اپنا اعزاز سمجھتا ہوں۔ کیونکہ اس طرح بہتر طور پر ملک و قوم کی خدمت ہو سکتی ہے۔ قاضی حبیب الرحمن نے کہا کہ اخلاقی انحطاط کے اس دورمیں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی تعریف کرنے والوں کی کمی نہیں ۔نوجوان نسل میں اسلاف بیزاری مغرب کی سازش ہے۔ پاکستانی قوم میں حب الوطنی کا جذبہ اور دینی شعور کی بیداری اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ مولانا کبیر احمد طاہر نے کہا کہ مولانا عبدا لصبور اگر چہ سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے لیکن معاشرے کی اصلاح کا فریضہ زندگی بھر سرانجام دیتے رہیں۔ ساجد سالار خان نے مولانا عبدا لصبور کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نقشِ پا کو نشانِ راہ بنایا جائے۔ تقریب سے پارس خان، گل خان، محمد نواز، مولانا سید برکات شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Comments